(این سی او سی) کے چیئرمین اسد عمر نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس بڑھنے کے خدشات موجود ہیں۔ گزشتہ روز ملک میں 2.37 فیصد کیسز مثبت آئے جو 50 دن میں سب سے زیادہ مثبت شرح ہے۔ شہری ایس او پیز پر عمل کریں ورنہ پابندیاں عائد کرنا پڑ سکتی ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی مثبت شرح 2.37 فیصد تھی جو 50 دن سے زائد کے عرصے میں سب سے زیادہ مثبت شرح ہے اور آخری مرتبہ 23 اگست کو یہ شرح دیکھی گئی تھی۔ رواں ہفتے کے ابتدائی 4 روز میں کورونا وائرس کی اوسطاً اموات یومیہ 11 رہی جو 10 اگست کے ہفتے کے بعد سے سب سے زیادہ ہے۔
وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کورونا کے بڑھنے کے واضح اشارے ہیں، مظفرآباد میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز بہت زیادہ ہیں جبکہ کراچی میں بھی یہ تعداد زیادہ ہے، اس کے علاوہ لاہور اور اسلام آباد میں یہ بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے موجودہ صورتحال کے تناظر میں کہا کہ ہم سب کے لیے یہ وقت ہے کہ کورونا ایس او پیز کو سنجیدگی سے لیں، بصورت دیگر بدقسمتی سے ہمیں پابندیوں عائد کرنا پڑ سکتی ہیں جس کے لوگوں کی زندگیوں پر منفی اثرات ہوتے ہیں۔
